یہ مزاجِ یار کو کیا ہُوا، اُنہیں مُجھ سے پیار ہے آج کل
مِری گُفتگُو ، مِری جُستجُو ، مِرا انتظار ہے آج کل
تِرے خط نکال کے دیکھنا، کبھی چُومنا، کبھی سوچنا
یہی مشغلہ، یہی سِلسلہ ، یہی کاروبار ہے آج کل
نہ اکیلا گھر سے نِکل میاں ذرا دیکھ بھال کے چل میاں
بڑی ابتری ، بڑی رہزنی ، بڑی لُوٹ مار ہے آج کل
اِسے قتل کر، اُسے قتل کر، تُجھے سات خُون معاف ہیں
تِری سُلطنت ، تِرا دبدبہ ، تِرا اقتدار ہے آج کل
ارے کیفؔ کل تو تُو رِند تھا مِرے یار تُجھکو یہ کیا ہُوا
بڑا مذہبی ، بڑا پارسا، بڑا دین دار ہے آج کل