ورڈز ورتھ سے کسی نے نہیں کہا!
پیڑوں کو لگے گُھن پر سبھی افسوس کرتے ہیں
تم شاداب چہروں پہ اُگتی دیمک کا مرثیہ کیوں نہیں لکھتے۔۔۔؟
کیٹس سے کسی نے نہیں پوچھا!
محبوب کی تکریم میں شعر کہتے ہیں لوگ
محبوب کی تکریم کیوں نہیں کیا کرتے۔۔۔؟
جان ڈان (john Donne) سے کسی نے سوال نہیں کیا!
“میٹا فزیکل” دنیا نظموں میں اب بس جاتی ہے،
مگر مادیت کی تجسیم میں ابدانِ زن کی تشبیہہ بوسیدہ کیوں قرار نہیں دی جاتی۔۔۔؟
کوئی شیکسپیئر سے بھی کہتا۔۔۔
رومیو جولیٹ صفحات پر لوگوں کو دیوانہ بناتے ہیں، مگر حقیقی دنیا میں عزتوں کو بیچ کھاتے ہیں
شاید تہذیبیں ہمارے درمیان حائل تھیں۔۔۔
مگر
ہمیں وہ پڑھایا گیا، جو سکھایا نہ جاسکا
اور وہ سکھایا گیا ، جو پڑھایا نہ جا سکا،
ہم مسحور ان سے ہوئے، رنجور گھر سے ہوئے۔
ہم سب دوہری شخصیت کا شکار ہیں،
ہم مالیخولیا سے مر جانے والی جنریشن ہیں،
اور۔۔۔۔۔ “جنریشن گیپ ” ہمارا پسندیدہ لفظ ہے۔۔۔